بیندور18؍اکتوبر(ایس او نیوز) قریبی شہر ناوندا کے چارگھروں کے دروازے یکے بعد دیگرے توڑتے ہوئے چوروں نے اپنی قسمت آزمائی مگر تین گھروں سے انہیں خالی ہاتھ لوٹنا پڑا جبکہ چوتھے گھر میں ان کی قسمت جاگی اور تقریباً7لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اڑا لے جانے میں وہ کامیاب ہوگئے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق سلسلہ وار چوری کی کوشش کا یہ واقعہ اتوار کے دن آدھی رات کو پیش آیا ہے۔چوروں نے چاروں گھروں کے سامنے کے دروازوں کو توڑ کر گھر کے اندر رسائی حاصل کی ہے۔ سرکاری پی یو کالج کے عقب میں واقع مصطفی،ایوب اور نارائین دیواڈیگا کے تین گھروں کے اندر تلاشی کے بعدچوروں کے ہاتھ کوئی بھی قیمتی چیز نہیں ملی اور وہ وہاں سے مایوس لوٹے۔ جب آخری کوشش کے طور پر عبداللہ ابوبکر نامی شخص کے گھر کاتالا توڑ کر انہوں نے تمام الماریاں وغیرہ لھنگال ڈالیں ، تب بھی انہیں کوئی چیز ہاتھ نہیں لگی۔ پھر چلتے چلتے انہوں نے پلنگ پر موجود بستر کو الٹ کر دیکھاتو جیسے ان کے نصیب جاگ پڑے۔بیڈ کے نیچے چھپاکر رکھے ہوئے تقریباً 7لاکھ روپے مالیت کے 240گرام وزنی سونے کے زیورات ان کے سامنے پڑے تھے۔ جس پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے وہ وہاں سے رفو چکر ہوگئے۔کہاجاتا ہے کہ ابوبکراپنی فیملی کے ساتھ اتوار کے دن دوپہر کے وقت گھر کو تالا لگاکر گولواڈی میں اپنے رشتے دار کے یہاں چلا گیا تھا۔ پیر کی صبح جب وہ واپس پہنچا توچوری کا یہ واقعہ سامنے آیا۔
پولیس سرکل انسپکٹر رگھو ایس پاڈیل،بیندور پی ایس آئی جینت آنند کائیکنی اور دیگر پولیس اہلکاروں کے علاوہ ڈاگ اسکواڈ،فنگر پرنٹس ماہرین نے موقعہ واردات پر پہنچ کر جائزہ لیا۔بیندور پولیس معاملہ درج کرکے تحقیقات کر رہی ہے۔